ذاتی سیکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں،فائل فوٹو
ذاتی سیکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں،فائل فوٹو

عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے،کارکنوں نے دروازہ توڑ دیا

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان عدالت میں پیشی کے لیے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کارکنان کی بھاری تعداد نے اندر داخل ہونے کی کوشش میں جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ  توڑ ڈالا۔

سابق وزیراعظم عمران خان جوڈیشل کملیکس اسلام آباد پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ پارٹی پرچے اٹھائے کارکنان نے عمران خان کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی، انہوں نے حکومت اور مخالف سیاسی رہنماوں کو بھی نشانہ بنائے رکھا۔

عمران خان بذریعہ موٹر وے شہرِ اقتدار اسلام آباد پہنچے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید چیمہ و دیگر رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں ان کے ہمراہ ہیں ، ان کے ساتھ ان کی ذاتی سیکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔

عمران خان کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکوں کو خار دار تار لگا کر بلاک کیا گیا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

 

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں 4 مختلف کیسز کی سماعت ہوگی اور سابق وزیر اعظم انسداد دہشت گردی، بینکنگ کورٹ سمیت سیشن کورٹ کے 2 کیسز میں پیش ہوں گے۔