لاہور: پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت زمان پارک میں موجود نہیں ہیں، اس لیے سیکیورٹی ہٹا لی ہے۔ عمران خان واپس لاہور آئیں گے تو سیکیورٹی دوبارہ دینے کے معاملے پر نظر ثانی کریں گے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم الیکشن کرانے سے نہیں بھاگ رہے، جب آرڈر آئے گا الیکشن کرا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو بہت مہنگا پڑ رہا تھا، جس کے لیے کوئی اسپانسر نہیں مل رہا تھا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی سی بی سے معاہدہ ہو گیا ہے، بورڈ لائٹیں خرید لے گا، آئندہ کرائے پر لائٹس نہیں لی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قیدیوں کی کل تعداد کے بارے میں نہیں معلوم، لاہور میں گنجائش کم ہونے کے باعث گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو دیگر جیلوں میں بھیجا گیا ہے۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی ہے تو وہ ہمیں بتا دیں۔