اسلام آباد: بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظورکرلی ، بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔ عدالت نے 20 منٹ کا وقفہ کر دیا۔
عمران خان بینکنگ کورٹ پیش ہوئے تو کمرہ عدالت کھچا کھچ بھر گیا۔ سابق وزیراعظم کے ساتھ کارکنان کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس داخل ہوئی تھی، ایک موقع پر دھکم پیل کے دوران جوڈیشل کپلیکس کا دروازہ بھی ٹوٹ گیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی احتجاج اور کارسرکار میں مداخلت کے کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور سے اسلام آباد عدالت میں پیشی کیلیے پہنچے ، اس موقع پر انہوں نے بینکنگ کورٹ میں حاضری دی جہاں سے وہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور کارسرکار میں مداخلت کے کیس میں پیش ہوئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کر دیا ۔