اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ ٹوٹنے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی حکومت نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ ٹوٹنے کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکام جاری کر دیے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، مراد سعید اور علی نواز اعوان کو مقدمے میں نامزد کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد کو جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ ٹوٹنے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی جس کے مطابق عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی گئی، سی سی ٹی وی کیمرے توڑے اور اہلکاروں کو دھکیل کر کار سرکار میں مداخلت کی گئی۔
کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا جائے گا جس میں عمران خان کے سیکیورٹی انچارج احمد نیازی سمیت مزید 32 افراد کو نامزد کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظاہرین کی قیادت کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہونے والوں کیخلاف مقدمہ درج کر رہےہیں۔
قبل ازیں ن لیگی رہنما اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر دروازہ ٹوٹنے پر ردعمل میں کہا تھا کہ آج یہ روایت قائم کی گئی کہ عدالتوں پر حملہ آور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جس عدالت میں بلایا گیا تو وہاں تماشا لگایا۔ عمران خان کے پاس فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں۔