صدرعلوی کا خیبرپختونخواالیکشن کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(امت نیوز)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کی ایڈوائس واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔

صدرمملکت کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ صدرمملکت نےفیصلہ کیاہے کہ کے پی میں انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیں۔

انہوں نے  بتایا کہ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ کے پی میں گورنر نے اسمبلی تحلیل کی تو صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینا بھی گورنر ہی کا اختیار ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اب تک صدر مملکت نے کےپی کی حد تک ایڈوائس واپس کیوں نہیں لی؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ صدر مملکت جلد ایڈوائس واپس لیں گے۔

صدر کے وکیل نے اعتراف کیا کہ صدر کے پاس کے پی میں انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں تھا، انہوں نے کے پی میں تاریخ دے کر آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔

اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا صدر نےتاریخ کا اعلان کرکے ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین نہیں کی؟

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ صدر مملکت ہائیکورٹ میں فریق نہیں تھے۔