کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے یکم مارچ سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان کردیا ، کل سے پنک بس سروس کے ماڈل کالونی تا ٹاور روٹ ون کی فلیٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔
یہ اعلان وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز بس سروس سے متعلق اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق ، آپریشن منیجر عبدالشکور و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماڈل کالونی سے ٹاور پنک بس سروس روٹ -1 پر بسوں میں اضافہ ، جبکہ پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل روٹ -2 اور نمائش چورنگی سے کلاک ٹاور سی ویو روٹ- 10 پر پنک بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز کل یکم مارچ سے کردیا جائے گا ،
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنک بس سروس روٹ 2 ، پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل کورنگی براستہ ناگن چورنگی ، شفیق موڑ ، گلشن چورنگی ، جوہر موڑ ، سی او ڈی ، ڈرگ روڈ ، شارع فیصل ، شاہ فیصل کالونی ، سنگر چورنگی ، کورنگی نمبر 5 تک چلائی جائیں گی ،
روٹ نمبر 10 پر نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، زیب النساء اسٹریٹ ، میٹرو پول ، تین تلوار ، دو تلوار ، عبداللہ شاہ غازی ، ڈولمن مال ، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سی ویو تک پنک بس خواتین کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرے گی ۔
شرجیل انعام میمن نے سندھ ماس ٹرانزٹ اور این آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ کراچی میں پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس پر سروے مکمل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لیا جائے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد از جلد آغاز کیا جائے