اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کرنے کی سازش کرنے کا مقدمہ درج کرکے اسلحہ برداروں سمیت 25 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ دیگر کی گرفتاریوں کے لئے صوبوں میں ٹیمیں روانہ کر دی گئیں
ترجمان پولیس کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمہ 353/7اے ٹی اے اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ہجوم میں سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سمیت افراد کو حراست میں لیا گیا ۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایک منصوبے کے تحت جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر حملے کی کوشش کی گئی۔25 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔گرفتاریوں کے لئے مختلف صوبوں میں پولیس ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔سیاسی جماعت کے رہنما ہجوم کی قیادت کررہے تھے جنہوں نے عوام کو نقصان کے لئے اکسایا اور توڑ پھوڑ کے لئے آمادہ کیا۔جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ پولیس نے حکمت عملی سے ہائی کورٹ میں ایسے کسی ممکنہ اقدام کو روکا۔