سپریم کورٹ کو عوامی بحث کا حصہ نہ بنایا جائے،فوادچوہدری

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر نوے روز سے آگے گئے تو پھر کبھی الیکشن نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تمام وکلا کا مؤقف تھا کہ الیکشن 90 دن میں ہونے چاہئیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کس نے کرنا ہے عدالت میں اس سوال پر بحث ہوئی، یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم مقدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی عملے کے مطابق فیصلہ کل صبح گیارہ بجے سنایا جائےگا، ہم چاہتے ہیں سیاسی جماعتیں پولیٹیکل فریم ورک کی طرف بڑھیں، عدالت سے استدعا کی کہ آئین کے مطابق چلنا چاہیے، اگر نوے روز سے آگے گئے تو پھر کبھی الیکشن نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور نے اتفاق رائے سے تاریخ طے کرنے کا کہا، ماضی میں رفیق تارڑ کو استعمال کر کے ججوں کو تقسیم کیا گیا، اب دوبارہ ن لیگ اسی روش پر چل پڑی ہے، پیپلز پارٹی اورن لیگ نے خود کو ضیاء الحق کا جانشین ثابت کیا ہے، سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے، سپریم کورٹ کو عوامی بحث کا حصہ نہ بنایا جائے، سپریم کورٹ کے ججز پر ہے کہ تقسیم کا حصہ بنتے ہیں یا آئین کا تحفظ کرتے ہیں۔