لاہور(امت نیوز)اینٹی کرپشن پنجاب نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے سابق مشیر زراعت عبد الحئی دستی کے گھر سے ساڑھے بارہ کروڑ روپے سے زائد برآمد کرلیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کو خفیہ اطلاع ملی کہ سابق مشیر زراعت حکومت پنجاب عبدالحئی دستی کے گھر پر ٹھیکوں کے کمیشن اور چوہدری پرویز الہی اور مونس الہی سے وصول شدہ سیاسی رشوت کی ایک خطیر رقم موجود ہے۔
اطلاع ملنے پر انہوں نے ایڈیشنل ڈی جی وقاص حسن کو کیس پر مامور کیا جنہوں نے مجاز عدالت سے سرچ وارنٹ لے کر گھر کی تلاشی لی تو ملکی اور غیر ملکی کرنسی کی صورت میں دو تجوریوں میں چھپایا گیا بھاری کالا دھن برآمد ہوا جس کی مالیت ساڑھے بارہ کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم کو نوٹوں کو گننے میں کئی گھنٹے لگے۔
حکام نے دعویٰ کیا کہ برآمد شدہ رقم مختلف ترقیاتی منصوبوں میں حاصل کئے کمیشن اور مونس الہی اور پرویز الہی کی طرف سے عدم اعتماد کے دوران دی گئی ۔ کیس کی تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں سرگرم ہیں۔