اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے فرحت شہزادی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اینٹی کرپشن پنجاب لاہور کی طرف سے کرپشن کے خلاف بھیجی گئی درخواست پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا۔
گزشتہ دنوں اینٹی کرپشن پنجاب نے فرح گوگی کے خلاف کیسز دوبارہ کھول لیے تھے، محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ فرح گوگی نے اثرو رسوخ سے زرعی زمین سستے داموں فروخت کرائی تھی۔
اس کے علاوہ اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبائی محکموں کا تحریک انصاف کے دور کا ریکارڈ بھی مانگا ہے۔