اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد میں قائد اعظم یونیورسٹی کے ہاسٹلز خالی کرانے کیلئے پولیس کا آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پختون سٹوڈنٹس اور بلوچ سٹوڈنٹس کے درمیان لڑائی کے باعث ہاسٹلز اور یونیورسٹی خالی کرائی جا رہی ہیں
آپریشن میں سیکرٹریٹ پولیس اور ایف سی حصہ لے رہی ہیں۔سیکرٹریٹ مجسٹریٹ غلام مرتضی چانڈیو بھی موقع پر موجود ہیں،
قائد اعظم یونیورسٹی کے طلبہ کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی خالی کرنے کی اپیل جا رہی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق طلباء ہاسٹلز خالی کرنے سے انکاری ہیں جبکہ پولیس اور ایف سی کی جانب سے یونیورسٹی میں مبینہ لاٹھی چارج کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی میں گزشتہ کچھ روز قبل لسانیت کی بنیاد پر دو طلبا تنظیموں کے درمیان خونی تصادم سامنے آیا تھا
جس کے بعد انتظامیہ نے رینجرز بھی تعینات کرنے کی درخواست کی تھی ۔