یونان: مسافر اور مال بردار ٹرین کے درمیان تصادم،32 افراد ہلاک

ایتھنز(نیٹ نیوز) یونان کے شہر لاریسا کے قریب مسافر اور مال بردار ٹرین کے درمیان تصادم میں 32 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فائر سروسز کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز اور تھیسالونیکی کے درمیان اس وقت پیش آیا جب 350 مسافروں سے بھری ایک مسافر ٹرین ایتھنز سے تقریبا 235 میل شمال میں ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔حادثے کے باعث 3 بوگیوں کو آگ لگ گئی جبکہ کئی بوگیاں پٹری سے بھی اتر گئیں۔

حادثے میں 85 افراد زخمی ہوچکے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، مقامی میڈیا اس حادثے کو یونان کا اب تک کا بدترین ٹرین حادثہ قرار دے رہا ہے۔ حادثے کے بعد حکومت کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، یونان کے وزیر صحت تھانوس پلیورس جائے وقوعہ کو دورہ کرچکے ہیں جبکہ وزیر داخلہ تاکیس تھیوڈوریکاکوس کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

فائر سروسز کے مطابق لاریسا کے قریب 2 اسپتالوں کو متعدد زخمیوں کے علاج کے لیے مختص کردیا گیا ہے جبکہ تھیسالونیکی اور ایتھنز کے فوجی اسپتال بھی ضرورت پڑنے کی صورت میں الرٹ پر ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔