اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائرکی ضرورت نہیں،بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ کہنا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، ٹی وی کے ذریعے مجھ تک پہنچا ہے، تحریری فیصلہ پڑھنے تک اور کابینہ میں اس پر بحث کرنے تک میں بطور وزیر قانون اس پر بات نہیں کرسکتا۔ وکیل کی حیثیت سےکہوں گا کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی ازخود نوٹس پر اختلاف کیا تھا، آج فیصلے میں2جج صاحبان نے مزید کہہ دیا ہے کہ یہ قابل سماعت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیر کی حیثیت سے نہیں بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہے اور اس پر فیصلہ لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ میں ہونا چاہیے جہاں اس حوالے سے درخواستیں دائر ہیں۔