لاہور ہائیکورٹ نے قاسم علی شاہ کی بطور چیئرمین لاہورآرٹس کونسل تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلیے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔
قاسم علی شاہ کو الحمرا آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنر کا چئیرپرسن تعینات کرنے کے خلاف سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی نے ردا نور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی آئندہ سماعت پر پیش ہو کر عدالت کی معاونت کریں۔
درخواست شہری محمدعلی کی جانب سے دائر کی گئی ہے درخواست میں ان کا مؤقف ہے کہ نگراں حکومت نے قاسم علی شاہ کو تین برس کے لیے الحمرا آرٹ کونسل کا چیئرپرسن تعینات کیا ہے۔ درخواست میں نگراں وزیراعلی پنجاب سمیت بورڈ کے دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلی نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے تعیناتی کیں۔ نگراں وزیراعلی کو ایسی تعیناتی کا کوئی اختیار نہیں ۔ قاسم علی شاہ سمیت ممبر بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائیں۔