اسلام آباد: وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا تو پہلی رات ہی چیخیں سنائی دیں گی جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی پرعمران خان سمیت تمام افراد کو گرفتار کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اکھٹا کر کے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے، عمران خان نے اپنی جیل بھرو تحریک کاحشردیکھ لیا، اب وہ عدالتوں پر دباؤ کے لیے لوگوں کو اکھٹا کرکے پیش ہوا، اس نے اپنی بیٹی کو چھپایا ہوا ہے، اور عوام سے حقائق چھپائے، عمران خان کا جرم ثابت شدہ ہے، انہیں خود بھی معلوم ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں فتنہ پھیلانا چاہتے ہیں، گزشتہ روز اس نے سازش کے تحت بندے اکھٹے کیے، اورعمرانی ٹولے نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، عدالتوں کومرعوب کرنےکی کوشش کی گئی، ہنگامہ آرائی پراب تک 29 افراد کو گرفتار کیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس پر حملے میں عمران خان سمیت تمام افراد کو گرفتار کیاجائےگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس الرٹ ہے، کوشش ہے کہ اس کو گرفتار کیا جائے، عدالت نے توشہ خانہ میں عمران نیازی کے وارنٹ جاری کیے ہیں، پیشی یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان انتہائی بزدل انسان ہے، اس کو جیل میں ڈالا تو پہلی رات ہی چیخیں سنائی دیں گی، یہ عدالت میں پیش ہونے کیلیے نہیں بلکہ حملہ کرنے کے لیے آئے تھے، جب آپ کو پتا ہے کہ تاریخ پر جارہے ہیں تو آپ مسلح افراد کو کیوں لے کر آئے، گزشتہ روز گرفتار ہونے والے افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، اور کچھ افراد ایک صوبے کی پولیس کے ملازم نکلے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، نوازشریف نےجوڈیشل کمپلیکس میں درجنوں پیشیاں بھگتیں، اب بھی وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرے گی، جو فیصلہ آیا ہے اس میں اختلاف رائے ہے، اکثریت کا فیصلہ 4،3 سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے پر ججز نے اختلافی نوٹ لکھا،اب ہائیکورٹ بہتر فیصلہ کرے گی،جوبھی فیصلہ آئے گا حکومت اسے تسلیم کرے گی۔