اسلام آباد(امت نیوز)حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پر برآمدی صنعتوں کے بعد کسانوں کے لیے بھی بجلی مہنگی کر دی
وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر کسان پیکج کے تحت بجلی پر دی جانے والی سبسڈی ختم کردی، کسان پیکیج کے تحت زرعی صارفین کے لیے بجلی پر 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ سبسڈی واپس لے لی گئی ہے۔
حکومت نے کسانوں کے لیے بجلی 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے، زرعی صارفین کو آج سے بجلی 13 روپے کی بجائے 16 روپے 60 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ملے گی۔
وفاقی حکومت کو زرعی صارفین کے لیے بجلی مہنگی ہونے سے جون تک 14 ارب روپے حاصل ہوں گے۔
پاور ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے کے الیکٹرک سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے، پاور ڈویژن نے وزارت خزانہ اور وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی کو بھی خط کی کاپی بھجوا دی ہے۔