اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم نے اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں پر 7 ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کردی۔ کہا کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے اقدامات کے نفاذ میں تعطل برداشت نہیں کروں گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن سے متعلق پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کی 496 سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد اور کوئٹہ میں 340 جبکہ دیگر علاقوں میں 1 ہزار 255 سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے منصوبے کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں میں 7 ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ باقی ملک میں وفاقی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن پر کام بھی فوری شروع کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کم لاگت اور ماحول دوست بجلی سے عوام پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔