کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے الیکشن کمیشن سے مشورہ کر کے انتخابات کی تاریخ دی جائے گی۔
سعودی نیوز ویب سائٹ سے گفتگو میں گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے موقف اپنایا کہ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری جو آئینی ذمہ داری ہے وہ نبھاؤں گا جو قانون کے مطابق ہو گا۔ عدالتی حکم کے مطابق الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ دیں گے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ آئے روز پولیس پر حملے ہوتے ہیں اس لیے نگراں وزیراعلی کی زیرصدارت میں ہونے والے اجلاس میں پولیس حکام نے سکیورٹی کے لیے مزید اہلکار طلب کیے۔ہم نے سب سے مشاورت کے بعد صوبہ میں امن وامان کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے بھی امن وامان کی صورتحال رکھیں گے۔ امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم چاہتے ہیں پرامن ماحول میں شفاف انتخابات منعقد ہو۔