سعودی عرب ہرسال 11 مارچ کو’پرچم کا قومی دن‘ منائے گا، شاہی فرمان

سعودی عرب(اُمت نیوز)سعودی عرب ہرسال 11 مارچ کو’پرچم کا قومی دن‘ منائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی مرتبہ قومی پرچم کادن11مارچ 1937ء کو(27 ذی الحجہ 1355 ہجری) کو منایا گیا تھاجب سابق سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز آل سعود نے اس پرچم کو سعودی مملکت کی نمائندگی کے طور پراختیار کیا تھا۔
سعودی عرب کا دورنگا قومی پرچم دین اسلام، انصاف،طاقت، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔سبز جھنڈے میں سفید رنگ میں عربی زبان میں کلمہ طیبہ تحریر ہے اوراسی رنگ میں ایک تلوار ہے۔
اس میں شامل کلمہ طیبہ مسلمانوں کے عقیدے کی نمایندگی کرتا ہےجس کاترجمہ یہ ہے:’’اللہ کے سواکوئی معبود نہیں ہے۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں‘‘۔