پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے بروقت انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں نمٹا دی۔
پشاورہائیکورٹ میں جسٹس روح الامین اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے بروقت انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل شمائل بٹ، ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید اور ڈپٹی اٹرنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز میں وکیل درخواست گزار شمائل احمد بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے۔
جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے ہم سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہے۔، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ گورنر الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت سے تاریخ دیں۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں گورنر کو الیکشن تاریخ کا پابند بنایا گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار شمائل احمد بٹ نے اپنے موقف میں کہا کہ آئین میں یہ چیزیں کلیئر لکھی ہوئی ہے۔ جس پر جسٹس روح الامین نے کہا کہ کاش جو بناتے ہیں وہ اسے پڑھ بھی لیں۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پی ٹی آئی کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوتا تو پھر عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کی جانب سے انتخابی تاریخ جاری ہونے کی بناء پر صدر کو حکم دینے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔