اسلام آباد (امت نیوز) اٹلی اور لیبیا کے کشتی حادثات میں 9 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے جن کی میتوں کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔یہ بات ترجمان دفترخارجہ نے کہی
جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ 26 فروری 2023 کو اٹلی کے ساحل پر الٹنے والی کشتی کے حالیہ المناک واقعہ میں 2 پاکستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ، 17 پاکستانیوں کو بچا لیا گیا ہے ، 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں
انہوں نے کہا کہ روم میں ہمارا سفارت خانہ اطالوی حکام کے ساتھ حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کی دیکھ بھال اور میتوں کی پاکستان منتقلی کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایک اور المناک واقعے میں لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب کشتی کے حادثے میں اب تک 7 پاکستانی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ لیبیا میں پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے تعاون سے لاشوں کی شناخت اور میتوں کی پاکستان منتقلی کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ سفارت خانہ اور وزارت خارجہ بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں نے زیر حراست پانچ کشمیریوں کو شہید کردیا ،4 ہزار سے زیادہ کشمیری بھارت اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں بدستور نظر بند ہیں،پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔