آزادکشمیربلدیاتی انتخابات:پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

مظفرآباد(امت نیوز)آزادکشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ۔

بلدیاتی انتخابات کے اہم اور آخری مرحلے میں غیر سرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق پانچ میں سے تین میونسپل کارپوریشنز میں پی ٹی آئی کامیاب رہی اور میئر اور ڈپٹی میئر کی نشستیں حاصل کر لیں۔

میرپور میں عثمان خالد، کوٹلی میں چوہدری محمد تاج اور باغ میں پی ٹی آئی کے عبدالقیوم بیگ بلا مقابلہ میئر منتخب ہو گئے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جیت پر جشن منایا گیا

مظفرآباد میونسپل کارپوریشن میں مسلم لیگ ن کے سکندر گیلانی 28 ووٹ لے کر کم عمر ترین میئر منتخب ہو گئے جبکہ ڈپٹی میئر کی نشست پیپلز پارٹی کے خالد اعوان نے جیت لی۔

میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کامیاب جبکہ ڈپٹی میئر کی نشست پر جماعت اسلامی اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار نے میدان مار لیا