اسلام آباد: وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر مملکت نے ملک عبدالولی کاکڑ کو بلوچستان کا گورنر مقررکر دیا۔
ایوان صدر سے جاری کردی بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک عبدالولی کاکڑ کو صوبہ بلوچستان کا گورنر تعینات کردیا۔
انہیں اس تعیناتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سفارشات بھیجی گئی تھیں جنہیں صدر مملکت نے منظور کرتے ہوئے ایڈوائس پر دستخط کردیے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 48 ایک اور 101 کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر کی۔
ملک عبدالولی کاکڑ کا تعلق بلوچستان کی سیاسی پارٹی بی این پی مینگل گروپ سے ہے۔حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے گورنر بلوچستان کا عہدہ بی این پی مینگل کو دینے کا فیصلہ کیا تھا،وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ عرصہ قبل ولی محمد کاکڑ سے ملاقات بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ ان دنوں اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی قائم مقام گورنر بلوچستان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔