فائل فوٹو
فائل فوٹو

استعفے کے سوال پراسحاق ڈار سیخ پا ہو گئے

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار صحافی کی جانب سے استعفے کے سوال پر سیخ پا ہو گئے اور کہا کہ کیا آپ کو میرے کام سے تکلیف ہے، جب صحافیوں نے ان سے سوالات کرنے کی کوشش کی تو وہ کوریڈور میں تیزی سے اپنے دیگر ساتھیوں سے آگے بڑھتے رہے اور کہتے رہے کہ "4 بج کر 10 منٹ پر”آئیں، صحافیوں نے متعدد بار بات کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے ہر بار  جواب میں "4 بج کر 10 منٹ پر” کہا ۔

صحافیوں کو متعدد سوالات کی کوشش میں جب جواب نہ ملا اور ایک ہی جملہ بار بار سسنے کو ملتا رہا تو ایک صحافی نے کہا کہ ” سنا ہے آپ استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟”اسحاق ڈار کے چہرے کے پہلے تاثرات تبدیل ہوئے پھر انہوں نے قہقہ لگا کرکہا کہ”آپ کو تکلیف ہے میرے کام کرنے سے؟”.

ایک اور صحافی نے اینٹری ماری اور پوچھا کہ ” سنا ہے شبرزیدی کہہ رہے ہیں کہ آپ استعفیٰ دینے جا رہے ہیں؟” شبر زیدی کا نام سن کر گاڑی کے پاس پہنچتے ہوئے وزیر خزانہ نے صحافی کو مڑ کر دیکھااور پھر جواب دیتے ہوئے کہا کہ شبرزیدی نے ملک کا جو بیڑا غرق کیاہے وہ سب کو پتا ہے، وہ اربوں روپے کا ری فنڈ دے کر چلا گیا، اسے تو جیل میں ہونا چاہیے۔”