اسلام آباد(امت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت کی انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت درخواست کے حکم کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل درخواست گزار شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے لائیو پریس کانفرنس کر کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی اور صدر سپریم کورٹ بار کی آڈیو لیک کی، رانا ثناء اللہ نے آڈیو لیک کرکے عدلیہ کو اسکینڈلائز کیا، وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کر کے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہے، عدالت سنگل بینچ کے فیصلے کو کلعدم قرار دے۔