کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کی خاتون ملازمہ کی شکایت پر جنرل منیجر سیکورٹی کو فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ۔ برطرفی کا فیصلہ محتسب عدالت میں زیر سماعت ہراسگی کیس کے ذریعے عمل میں آیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے جنرل منیجر (جی ایم) کو ایک خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی خاتون ملازمہ عالیہ ظفر کی شکایت پر محتسب اعلیٰ نے جی ایم پی آئی اے سیکورٹی امجد کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔محتسب اعلیٰ نے پی آئی اے کی خاتون ملازمہ کی شکایت پر کیس سنا۔
محتسب اعلی احسان جتوئی نے درخواست پر شواہد جانچنے کے بعد جی ایم پی آئی اے امجد کو برطرفی کا فیصلہ دیا، مذکورہ خاتون ملازم عالیہ ظفر پی آئی اے شعبہ ویجلنس اینڈ سیکورٹی میں تعینات تھی۔اس ضمن میں ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔موجودہ انتظامیہ قومی ائیر لائن کی کسی بھی خواتین ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کی شکایات پر فوری کا ازالہ کرے گی۔