لاہور میں سکیورٹی خدشات کے باعث عورت مارچ پر پابندی عائد

لاہور: (امت نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور نے 8 مارچ کو جماعت اسلامی کے حیاء مارچ اور دیگر تنظیموں کے احتجاج کے باعث عورت مارچ انتظامیہ کو ناصرباغ، ایوان اقبال، الحمرا اور مال روڈ پر مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

سول سوسائٹی، خواتین کی نمائندہ مختلف این جی اوز اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت کے لئے درخواست دی تھی جسے ڈپٹی کمشنر لاہور نے مسترد کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) رافعہ حیدر نے سکیورٹی خدشات، مارچ کے دوران متنازعہ پلے کارڈز اور نعروں اور اسی روز جماعت اسلامی کی خواتین کی طرف سے مال روڈ پر حیاء مارچ کے شرکاء کے ساتھ تصادم کے خدشات کی وجہ سے عورت مارچ انتظامیہ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ڈی سی لاہوررافعہ حیدرنے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق عورت مارچ کے حوالے سے کافی تھریٹ الرٹس ہیں اس لئے درخواست مسترد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی ایک مذہبی جماعت کی کارکنان نے عورت مارچ کے انعقاد کے موقع پراحتجاج کیا تھا تاہم سکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا تھا۔