500۔500 روپے کی رشوت پرپولیس کے2اہلکاروں کے خلاف مقدمہ

اسلام آباد(رپورٹ: رائے ولید بھٹی ) پانچ پانچ سوروپے رشوت لینے کی شکایت پر اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے
تفصیلات کےمطابق تھانہ آبپارہ پولیس کو ہیڈکانسٹیبل عمران حیدر نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ بطور ناکہ انچار ج ہمراہی عثمان ،ضیاالحق، زمرد ، زیر وپوائنٹ کشمیر ہائی وے ڈیوٹی پر تھا، ایک پرائیویٹ ٹیکسی کوکانسٹیبل زمرد حسین نے روکا جس میں ایک پاکستانی اور دو افغان باشندے سوار تھے ، افغان باشندے پاسپورٹ پیش نہ کرسکے ، کانسٹیبل زمرد نے پانچ سو روپے رشوت لے کر انھیں چھوڑ دیا ٹیکسی سوار مجھے جاتے ہوئے شکوہ بھی کر گئے، کانسٹیبل نے وردی واختیارات کا ناجائز استعمال کیا، اور اپنا فرض پورا نہیں کیا
ادھرتھانہ بھارہ کہو پولیس کو کانسٹیبل مظہر نے مقدمہ درج کرایاکہ سوزوکی آلٹو میں سوار تین افرادسے مشتاق ہیڈکانسٹیبل نے کاغذات مانگے جو وہ پیش نہ کرسکے تو ہیڈکانسٹیبل نے فرض ادا کرنے کے بجائے پانچ سوروپے لے کر انھیں جانے دیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیاپر وائرل ہوچکی ہے
پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔