سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے، فائل فوٹو
سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے، فائل فوٹو

وارنٹ گرفتاری موصول کرا دیے ،اسلام آباد پولیس زمان پارک سے چلی گئی

لاہور:سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنے کے لیے آئی اسلام آباد پولیس نے وارنٹ گرفتاری موصول کرا دیے اور زمان پارک سے واپس چلی گئی جبکہ پی ٹی آئی کے ہزاروں کی تعدااد میں کارکن موجود ہیں،شدید افراتفری کا عالم ہے۔نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

لاہور زمان پارک پہنچنے والی پولیس نے وہاں موجود لوگوں کو بتایا کہ وہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنے نہیں بلکہ نوٹس دینے آئے ہیں۔

نوٹس کے مطابق ملزم توشہ خانہ کیس میں کافی عرصے سے عدالت پیش نہیں ہورہا، اور کورٹ کے ساتھ ’پک اینڈ چوز‘ کر رہا ہے، ملزم کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا سمن بھیجا جائے۔

عمران خان کا7 مارچ کوعدالت پیش نہ ہونے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیکیورٹی کے پیش نظر7 مارچ کوعدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ۔

ذرائع پی ٹی آئی لیگل ٹیم کا کہناتھا کہ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ کا عمران خان کو بروقت بتادیا تھا ،عمران خان نے لیگل ٹیم سے وارنٹ پر سرسری مشاورت بھی کی ، ذرائع پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے کہاکہ وارنٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمعہ کو چیلنج کرنے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کاکہناہے کہ لیگل ٹیم کی سستی کے باعث کوئی قانونی حکمت عملی بروئے کار نہ لائی سکی، عمران خان لیگل ٹیم سے وارنٹ گرفتاری کے فیصلے پر مزید مشاورت کریں گے ۔

پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈر شپ کا ہنگامی اجلاس طلب

عمران خان کی گرفتاری کے احکامات کے حوالے سے درپیش صورت حال پر مرکزی لیڈر شپ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے نوٹس اور آج کی صورت حال پر مکمل مشاورت ہو گی ۔

حکام کے مطابق اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی لیڈر شپ آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لے گی۔

عمران خان کو دیے گئےعدالتی نوٹس کی کاپی سامنے آگئی

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دیئے گئے عدالتی نوٹس کی کاپی سامنے آگئی۔

عدالتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ملزم عدالت سے مسلسل غیر حاضرہے اور 28 فروری کو عدالتی اوقات ختم ہونے تک عدالت پیش نہیں ہوا۔ ملزم نے ایک درخواست جمع کروائی کہ جوڈیشل کمپلیکس پیش ہونا ہے لہذا آج عدالت ہٰذا میں پیشی سے قاصر ہے۔

درخواست سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدالت ہٰذا میں پیشی ملزم کی ترجیح میں شامل نہیں، ملزم اسلام آباد میں عدالت ہٰذا سے چند منٹ کی مسافت پر ہے، اس بنیاد پر کہ ملزم کی درخواست میں دیا گیا جواز حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ لہٰذا ملزم کو 7 مارچ تک گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

عمران خان کو دیئے گئے عدالتی نوٹس کی کاپی سامنے آگئی

عمران خان کمرے میں موجود نہیں،اسلام آباد پولیس

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ترجمان کاموقف سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ "عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں۔ ایس پی صاحب کمرے میں گئے ہیں مگر وہاں عمران خان موجود نہیں۔ ٹیم عمران خان کی گرفتاری کےلیے پہنچی ہے”۔

مزید بتایا گیا کہ ” عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم زمان پارک لاہور پہنچی گئی۔ لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی”۔

اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔

عمران کو گرفتار کرنے پولیس زمان پارک پہنج گئی

سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی۔

پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔اسلام آباد پولیس کے ساتھ لاہور پولیس کے اہلکار بھی موجود ہیں۔

فوٹو امت
فوٹو امت

اس موقع پر اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں، عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری بھی زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی ہے۔

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے جاری کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عدالتی حکم پر گرفتار کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔

اس سے قبل 28 فروری کو اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

عمران خان بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔