لاہور: آئی جی (انسپکٹر جنرل) اسلام آباد نے تحریک انصاف کے کارکنان سے اپیل کی کہ پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کی گرفتاری میں رکاوٹ نہ ڈالیں، چیئرمین تحریک انصاف کوعدالت کا نوٹس پہنچا دیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ ملزم کو نوٹس دیا جائے اور نوٹس دینے کے بعد فوراً گرفتار کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے باہر جو لوگ موجود ہیں ان سے گذارش ہے کہ وہ قانونی کارروائی میں مداخلت نہ کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
آئی جی اسلام آباد آخری لمحوں تک کہتے رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کیلیے جانیوالی ٹیم ان کو لاہور سے گرفتارکرکے اسلام آباد منتقل کرے گی، کوئی ابہام نہیں، پولیس کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، ایس ایچ اوعمران خان کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی منشا یہ ہے کہ عمران خان کو عدالت کے احکامات کے مطابق گرفتار کیا جائے اور مقررہ تاریخ پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ مزاحمت کی صورت میں جو قانون کی راہ میں رکاوٹ ڈالتا وہ قانون ہاتھ میں لیتا ہے اور یہ ایک الگ سے جرم ہے۔