کراچی: الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد کراچی میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی میں دو نشستوں کا فرق رہ گیا۔
کراچی کی 246 میں سے 235 پر الیکشن ہوئے جس میں سے الیکشن کمیشن نے 215 بلدیاتی نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی کی 20نشستوں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر جاری نہیں کیے۔
پیپلزپارٹی کی 84 اور جماعت اسلامی کی کے ایم سی سٹی کونسل میں 82 نشستیں ہوگئیں جبکہ پی ٹی آئی کی 40 نشستیں ہیں۔
مسلم لیگ ن 5، جمیعت علمائے اسلام کی ایک نشست جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ اس طرح، پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی مجموعی نشستیں 91ہوجائیں گی۔
حیدرآباد کی یونین کمیٹیز کی نشستوں پرالیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے تحت حیدرآباد میں پہلی مرتبہ میئر پیپلزپارٹی کا آئے گا۔
پیپلزپارٹی 92 نشستوں کے ساتھ حیدرآباد میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں 160نشستیں ہیں جن میں پی ٹی آئی 39نشستوں پر کامیاب ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک لبیک نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 13نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔