کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری ٹھیک نہ ہوئی تو وفاق کو لکھ دیا ہے ہم اسکا حصہ نہیں بنیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہم نے گندم کی امدادی قیمت 4000 روپے رکھی ہے، ورلڈ بینک نے ہاریوں کیلیے سندھ حکومت کی مدد کی، ہم 25 ایکڑ کے کاشت کاروں کو بیج کی مد میں 5000 روپے فی ایکڑ دے رہے ہیں، یہ 5000 روپے صرف ہاریوں کیلئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ملک میں مردم شماری چل رہی ہے، ایک ہفتے خود سے رجسٹر کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے، عوام سے کہوں گا کہ خود سے رجسٹر کریں، تمام سیاسی جماعتیں عوام سے رجسٹریشن کرائیں، عوام یقینی بنائیں کہ رجسٹریشن میں انٹری ہو۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد شاہ نے مزید کہا کہ 2017 میں کہا تھا سندھ کی آبادی 7 کروڑ سے کم نہیں، 2015 میں ساڑھے چھ کروڑ کی آبادی تھی، کوئی شخص اپنا ڈیٹا دیتا ہے تو اسے کوئی کاپی یا رسید تک نہیں مل رہی، ہم برداشت نہیں کریں گے کہ ہمارے صوبے کو کم گنا جائے۔