اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج ہونے کا فیصلہ جاری کر دیا،ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 3 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہاگیاہے کہ عمران خان کے وکیل کے مطابق 28 فروری کوعمران خان نے سیشن عدالت پیش ہونا تھا۔
وکیل کے مطابق 28 فروری کو ہائیکورٹ، جوڈیشل کمپلیکس میں بھی عمران خان کی پیشی تھی ، وکیل کے مطابق عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،ایک قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے، وکیل کے مطابق ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث عمران خان سیشن عدالت پیش نہیں ہو پائے ۔
عدالتی فیصلے میں کہاگیاہے کہ 15 دسمبر کو ٹرائل کاآغاز ہوا،18 جنوری کو عمران خان کو طلب کیا گیا،عمران خان پہلی طلبی پرعدالت پیش نہیں ہوئے اور ابتک پیش نہیں ہو پائے، عمران خان کی پیشی پر استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی ۔
عدالت نے کہاکہ عمران خان سیشن عدالت پیش ہونے کی پوزیشن میں تھے کیونکہ دیگر عدالتوں میں بھی پیش ہوئے،عمران خان جان بوجھ کر سیشن عدالت پیش نہیں ہوئے ،فیصلے میں کہاگیاہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار ہیں، منسوخی کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔