عمران خان کی گرفتاری کیلئے بلوچستان پولیس زمان پارک پہنچ گئی

لاہور(امت نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر بلوچستان پولیس لاہور پہنچ گئی۔ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس بلوچستان زمان پارک جائے گی اور جیسے ہی عمران خان زمان پارک اپنی رہائش گاہ سے باہر نکلیں گے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی۔

پولیس نے زمان پارک کی طرف جانے والے راستوں کو بند کرنے کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی سوشل میڈیا کی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

زمان پارک آنے والے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولیس شہر کے مختلف علاقوں میں کارکنوں کو گرفتار کرنے لگی، زمان پارک آنے والے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا اور گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

کینال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں کی آگے بڑھنے کی کوشش میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا، جس پر پولیس نے واٹر کینن کا استعمال شروع کر دیا۔ پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کر کے پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ شروع کر دی گئی۔