سوات(بیورورپورٹ)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سوات تعلیمی بورڈ نے ڈیجیٹلائزیشن کا اعزاز حاصل کرلیا۔
سوات تعلیمی بورڈ اور یو بی ایل اومنی کے مابین معاہدہ طے پاگیا یاداشت پر باقاعدہ دستخط کرلئے گئے ۔
سوات تعلیمی بورڈ کے طلباء اب اپنی ہر قسم کی فیس یو بی ایل اومنی شاپ پر کسی بھی جگہ سے جمع کراسکیں گے اور طلباء کو فیس کی ادائیگی میں نہ صرف آسانی میسر ہوگی بلکہ کسی قسم کے چارجز بھی ادا نہیں کرنے پڑیں گے، اس سہولت سے ہزاروں کی تعداد میں طلبا مستفید ہوسکیں گے۔
چیئرمین سوات تعلیمی بورڈ پروفیسر سید نبی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سوات تعلیمی بورڈ اپنے طلبہ کی آسانی کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جارہاہے ۔پاکستان میں 29 تعلیمی بورڈ ہیں جن میں سوات تعلیمی بورڈ پہلا بورڈ ہے جس کے طلبہ اب بینک کی قطاروں میں کھڑے نہیں ہوں گے اور نہ انتظار کریں گے بلکہ آسانی کے ساتھ کسی بھی یو بی ایل اومنی کی کسی بھی شاخ میں جمع کراسکتے ہیں۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کہا کہ جلد ہی یو بی ایل اومنی موبائل ایپ کے ذریعے طلبا گھر بیٹھے اپنی فیس جمع کرانے کی سہولت فراہم کریں گے،
یوبی ایل امنی کے آفیسر حیدر ملک نے کہا کہ سوات بورڈ کے ساتھ ڈیجٹیلائزیشن کا معاہدہ کرکے دلی خوشی ہوئی کیونکہ اس سے طلبا اور طالبات کو بلامعاوضہ سہولیات فراہم ہوں گی۔
اس موقع پر فیصل حسین ہیڈ آف سیلز، غلام محمد، تنویر عالم۔ سلمان سمیت سوات تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری عمر حسین، کنٹرولر امتحانات محمد اسحاق اور دیگر افسران موجود تھے، تقریب کے دوران سوات بورڈ کی جانب سے مہمانوں کو روایتی شال اور پکول پہنائے گئے۔