کراچی-کوئٹہ-لاہور میں 97 کلو منشیات پکڑی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے اندرون و بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے کراچی،کوئٹہ اور لاہور میں کارروائیاں کرتے ہوئے 97 کلو گرام منشیات ضبط کرکے 2 خاتون سمیت 2 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے پورٹ قاسم پر کارروائی کی۔اس دوران دبئی بھجوائے جانے والے کنٹینر سے 43 کلو گرام چرس اور ایک کلو گرام آئس قبضے میں لے لی۔ ترجمان کے مطابق پورٹ قاسم پر خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی،جس کے دوران دبئی بھجوائے جانے والے کنٹینر کی تلاشی کے دوران 43 کلوگرام چرس اور ایک کلو گرام آئس برآمد کی گئی،جو مہارت سے مشینری میں چھپائی گئی تھی۔

دوسری کارروائی میں اے این ایف نے کوئٹہ سے پنجاب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی،جس کے دوران ملزم سے 50 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ منشیات پھلوں کے کارٹن میں چھپائی گئی تھی۔علاوہ ازیں لاہور کے علاقے فیصل ٹاون کے قریب کارروائی کے دوران خاتون کی تحویل سے 3 کلو600 گرام آئس برآمد کی گئی۔