کراچی (رپورٹ :اظفر عباسی )بھاری گاڑیوں سے رشوت وصول کرنے والے ایکسائز اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ،ٹرانسپورٹرز نے ڈی جی ایکسائز سے تحریری شکایت پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ایکسائز اہلکار بل آف انٹری اور دیگر کاغذات کے بہانے لوٹ مار میں مصروف تھے ۔
تفصیلات کے مطابق ایکسائز پولیس کی مال بردار گاڑیوں کو روک کر بل آف انٹری اور دیگر کاغذات کے بہانے پریشان کر نے کی تحریری شکایت پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پولیس سندھ نے متعلقہ ٹیم کو فوری طور پر کراچی طلب کر کے سخت ایکشن لے لیا ،ترجمان کےمطابق رشوت وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز نے متعلقہ اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے، کراچی گڈز کیرئیرز ایسوسی ایشن کے صدر نور خان نیازی سے ممبر ٹرانسپورٹر ندیم اختر آرائیں نے ایکسائز پولیس کے خلاف کی جانے والی تحریری شکایت پر کاروائی کی درخواست کی تھی جس پر جنرل سیکریٹری غلام محمد آفریدی نے ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز سندھ غلام اکبر سے ان کے آفس میں جاکر ملاقات میں بتایا کہ آپ کے محکمے کے لوگ مال برادار گاڑیوں کو روک کر بل آف انٹری اور دیگر کاغذات کے بہانے نہ صرف پریشان کر رہے ہیں بلکہ رشوت لیکر ٹرانسپورٹرز کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔
اس سلسلے میں ہمارے ممبر اور سابقہ جنرل سیکریٹری ندیم اختر ارائیں کی تحریری شکایت موجود ہے کہ جن کی گاڑی کو رسول آباد میں آپ کے محکمے کی ٹیم نے بل آف انٹری پر رکا اور فون پر بدتمیزی کرتے ہوئے گاڑی کو بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ڈرائیور سے 2000 رشوت لے لی جس پر گاڑی کو فوری طور پر مزکورہ مقام پر کھڑا کر کےعملے کو کراچی بلو ایا گیا اور ڈی جی ایکسائز نے فوری طور پر مزکورہ ٹیم کو کراچی طلب کیا، گاڑی عملے کے ایکسائیز پولیس کے عملے کو شناخت کرنے کے بعد سخت کارروائی کے احکامات جاری ہوئے اور محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے عملے کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔
متعلقہ ایکسائز پولیس کی ٹیم نے شکایت کنندہ اور ایسوسی ایشن سے اپنے رویے کی معافی مانگی اور دوبارہ کسی بھی گاڑی کو تنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر شکایت کنندہ نے درگزر سے کام لیتے ہوئے اپنی شکایت واپس لے لی اور ڈی جی ایکسائز کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز نے فوری طور پر احکامات جاری کئے کہ پورے سندھ میں ایکسائز پولیس صرف سندھ کی رجسٹرڈ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس چیک کرے گی اور نارکوٹیکس کی ٹیمیں منشیات کی شکایت پر کارروائی کرنے کی مجاز ہیں اس سے ہٹ کر کہیں بھی کوئی شکایت ہو تو ایسوسی ایشن فوری طور پر آگاہ کرے اس عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔اس پر صدر نور خان نیازی اور جنرل سیکریٹری غلام محمد آفریدی نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔