کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)اسکیم 33میں قائم گوالیار ہاﺅسنگ سوسائٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ اور سینئر بلڈنگ انسپکٹر ریاض جاکھرو نے خلاف ضابطہ غیر قانونی تعمیرات میں اضافہ کروا دیا ہے اور وہاں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈروں سے لاکھوں روپے بطور رشوت لے کر انہیں اور ان کی تعمیرات کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ، ڈسٹرکٹ ویسٹ اسکیم 33میں قائم کئی سوسائٹیز جس میں گوالیار ہاوسنگ سوسائٹی ، مدراس ہاﺅسنگ سوسائٹی ، ٹیچرز ہاﺅسنگ سوسائٹی ، ملک ہاﺅسنگ سوسائٹی اور کوئٹہ ٹاﺅن میں آصف شیخ اور ریاض جاکھرو کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات کی بھر مار ہوچکی ہے جس کی مد میں بلڈر ایس بی سی اے کے ان افسران کو لاکھوں روپے رشوت ہر ہفتے ادا کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ نے سرجانی ٹاﺅن کو خیر باد کہ کر اب اسکیم 33کا حلیہ بگاڑنے پر کام شروع کر رکھا ہے اور ڈسٹرکٹ ایسٹ میں آنے والی اسکیم 33میں تیزی سے انفرا اسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے ، جس کی بنیادی وجہ یہاں ہونے والی غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات ہیں ، اسکیم 33میں قائم کئی سوسائٹیز جس میں گوالیار ہاوسنگ سوسائٹی ، مدراس ہاﺅسنگ سوسائٹی ، ٹیچرز ہاﺅسنگ سوسائٹی ، ملک ہاﺅسنگ سوسائٹی اور کوئٹہ ٹاﺅن نامی ہاﺅسنگ سوسائٹیز شامل ہیں میں تیزی سے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جس کی مد میں ان سوسائٹیز میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈر ایس بی سی اے کے افسران آصف شیخ اور ریاض جاکھرو کو ہر ہفتے لاکھوں روپے رشوت کی رقم ادا کر رہے ہیں جس کے بدلے میں یہ دونوں افسران غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈروں اور ان کی تعمیرات کو مکمل تحفظ فراہم کئے ہوئے ہیں ۔
اس وقت گوالیار ہاﺅسنگ سوسائٹی کے پلاٹ نمبر CM2,CM3,CM4,CM5,CM6,CM7اورCM15پر غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور ان تمام پلاٹوں پر بلڈروں نے نقشے کے برخلاف تعمیرات کی ہیں ،جبکہ کئی پلاٹوں پر اضافی منزلیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں ، زرائع کا کہنا ہے کہ گوالیار ہاﺅسنگ سوسائٹی میں جو بلڈر خلاف ضابطہ تعمیرات میں ملوث ہیں اور ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جس کی وجہ سے مزکورہ سوسائٹی کے رہائشی بھی ان کے خلاف کسی قسم کی شکایت نہیں کر پاتے اور اگر کوئی شہری ان کی شکایت کرے تو اسے سنگین نتائج کی بلڈروں کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ان غیر قانونی تعمیرات کی مد میں بلڈروں کی جانب سے سوسائٹی کی یونین کو بھی حصہ فراہم کیا جا رہا ہے، اس وجہ سے ان بلڈروں کے معاملے میں سوسائٹی کی انتظامیہ بھی خاموشی اختیار کئے رہتی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف گوالیار ہاﺅسنگ سوسائٹی سے ہی آصف شیخ کو ریاض جاکھرو ہر ہفتے 60لاکھ روپے جمع کرکے پہنچا رہا ہے جو کہ آگے سمیع جملانی کے پاس جاتے ہیں جس نے اسکیم 33کا سسٹم آصف شیخ کے حوالے کیا ہوا ہے ،خبر کے سلسلے میں موقف لینے کے لئے آصف شیخ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔