راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین شکایت سیل وزیرِ اعلیٰ پنجاب زبیر احمد خان کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
تھانہ ریس کورس پولیس کو محمد مبین نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ پندرہ برس سے سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و چیئر مین شکایت سیل وزیر اعلیٰ پنجاب زبیر احمد کے ساتھ بطور ڈرائیور خدمات سر انجام دے رہا ہوں یہ مورخہ 8 مارچ کو معمول کے مطابق آفس سے نکل کر گھر واقع گنار کالونی گلی نمبر 2 پہنچے تو وہاں گیارہ نامعلوم افراد جن میں سے تین موٹر سائیکل اور دو گاڑیوں پر پہلے سے موجود تھے ، گاڑیوں سے اتر کر زبیر احمد خان کو زبردستی گاڑی سے نکال کر اسلحہ کی نوک پر اغوا ء کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے ،
مدعی مقدمہ کے مطابق زبیر احمد خان کی جان کو شدید خطرات ہیں کیونکہ نامعلوم اشخاص جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے لے گئے ہیں ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب کے قریبی ساتھی کو ان کے ایک اور معتمد خاص محمد خان بھٹی کی طرح سرکاری اداروں نے حراست میں لیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔