لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دفعہ 144 ختم ہونے کے بعد دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ کے واقعات 25 مئی کا پارٹ ٹو تھا، وہی افسر کل کے واقعے میں ملوث ہیں جو 25 مئی کو ملوث تھے، ان کا پلان یہ ہے کہ عمران خان گرفتار ہو یا نااہل، جب ہی انتخاب کرائیں گے، مجھے نااہل کریں یا گرفتار، میچ ہم جیت چکے ہیں، یہ زبردستی گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور مجھ پر حملے کی کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا دفعہ 144 ختم ہو گئی ، ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے، ہم جلد انتخابی جلسے شروع کر رہے ہیں، یہ لوگ الیکشن نہیں کرانا چاہتے لیکن 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین اور قانون نہیں رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پلان ہے عدلیہ کو تقسیم کر کے چیف جسٹس کے خلاف مہم چلائیں، ہم یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کبھی آرمی چیف سے ملاقات کا نہیں کہا۔میرے خلاف جیسے پرچے درج ہو رہے ہیں لگتا ہے جلد سنچری ہو جائے گی۔مریم اور بلاول کی پرورش کرپشن کے پیسے سے ہوئی ہے۔