اماراتی خلاباز کی خلائی اسٹیشن سے حاکم دبئی کو ویڈیو کال

دبئی(انٹرنیشنل)متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے کے صرف چار دن بعد ویڈیو کال پر بات کرکے تاریخ رقم کردی۔
شیخ محمد اس ویڈیو کال کے لیے دبئی کے محمد بن راشد خلائی مرکز پہنچے تھے۔ یہ گفتگو ناسا ٹی وی پر براہ راست ویڈیو لنک اپ کے ذریعے نشر کی گئی۔
النیادی چار روز قبل فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول پر 24 گھنٹے کے سفر کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچے ۔وہ اگلے چھ ماہ خلا میں گزاریں گے جوعرب دنیا کا سب سے طویل خلائی مشن ہو گا۔
ویڈیو کال کے دوران، شیخ محمد نے النیادی کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ آپ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے ہیں اور آپ کی حفاظت کے لیے خدا کا شکر ہے۔میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کے نوجوان آپ کو ایک مثال کے طور پر لے رہے ہیں اور آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

شیخ محمد نے خلانورد سے ان مختلف قسم کے تجربات کے بارے میں بھی دریافت کیا جو اس سائنسی مشن کا حصہ ہیں۔
النیادی نے جواب دیا کہ وہ ایک دن چاند اور مریخ پر جائیں گے۔ ہمیں اپنے جسم پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات کو بھی سمجھنا ہوگا۔ یہ ان بہت سے تجربات میں سے ایک ہے جو ہم روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ ہم اپنے جسموں پر خلا کے اثرات کی نگرانی کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں ان سے بچنے کے طریقے تلاش کئے جا سکیں
41 سالہ النیادی، 200 سے زائد تجربات میں حصہ لیں گے جو زمین کے مدار سے باہر زندگی کے امکانات کے لیے تیاری کے ساتھ ساتھ زمینی حیات کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔