سعودی عرب میں چندہ جمع کرنے پر امام مسجد گرفتار

سعودی عرب( اُمت نیوز) سعودی عرب میں چندہ جمع کرنے پر امام مسجد کو گرفتار کرلیا گیا ہے
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور کی سپروائزری کمیٹی کا کہنا ہے کہ ریاض کی ایک مسجد کے پیش امام کچھ عرصے سے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسجد کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا کر مسجد کے باہر لوہے سے بنائے گئے عارضی شیلٹر میں اشیائے خورد و نوش سمیت نقد رقوم کی صورت میں چندہ جمع کر رہے تھے۔

کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ مسجد کے پیش امام کو سرکولر جاری کرکے غیرقانونی طریقوں سے سامان اور نقد رقم جمع کرنے سے روکا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے وزارت سے جاری کردہ سرکولرز کو نظرانداز کرتے ہوئے قانونی طریقے اپنانے کے بجائے غیرقانونی طریقوں سے چندہ جمع کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

سعودی وزارت اسلامی امور نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری سے قبل سپروائزری کمیٹی کی ایک ٹیم نے معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا اور مذکورہ پیش امام کے خلاف شواہد جمع کیے، جس کے بعد جمع شدہ شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کیلئے معاملہ وزارت کے متعلقہ حکام بھیجا گیا۔