کراچی (اُمت نیوز)کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا ہے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی میں جہانگیر روڈ، نمائش چورنگی، کالاپل، گارڈن، پاکستان کوارٹرز اور دیگر علاقوں میں مظاہرے کیے گئے، جس کے باعث سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی۔
لوڈ شیڈنگ سے تنگ لوگگارڈن ویسٹ کے علاقے میں اتنے مشتعل ہوئے کہ احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کر دی تھی۔ احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ واجبات کی عدم ادائیگی کا بتا کر کی جا رہی ہے جبکہ فیڈر تبدیل کرنے کے ڈھائی کروڑ روپے مانگے جارہے ہیں۔
احتجاج کے باعث گارڈن لیاری ایکسپریس وے سے گارڈن سگنل پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، بعد میں بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔
بجلی کی بندش پر نمائش چورنگی کے قریب بھی احتجاج کیا گیاہے۔، مظاہرین نے کےالیکٹرک کےخلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل رہی، جہانگیر روڈ پر بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا گیا، اس کے علاوہ کالا پل پر بھی طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا گیا۔
ادھر ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ گارڈن ویسٹ، پاکستان کوارٹرز اور دیگر علاقوں میں عدم ادائیگیوں کے باعث واجب الادا رقم 9 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔