لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کارکنان کو زمان پارک لاہور طلب کر لیا گیا۔
تحریک انصاف کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی، پی ٹی آئی نے سینٹرل پنجاب کے بعد جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بھی پارٹی کارکنوں کو زمان پارک بلالیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار یہ کارکن دن اور رات کے اوقات میں زمان پارک میں ڈیوٹی دیں گے ،کم از کم 5 ہزار پارٹی کارکن زمان پارک کے باہر ہر وقت موجود رہیں گے۔
تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائش گاہ کے گرد کارکنان کا گھیراؤ بڑھانے کیلیے زمان پارک میں مزید کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، عمران خان کے گھر کے سامنے خالی پلاٹ اس مقصد کیلیے استعمال ہوں گے جہاں کیمپوں میں کارکنان دن رات موجود رہیں گے جبکہ اس پلاننگ سے پولیس کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر متبادل پارٹی قیادت کا معاملہ بھی طے کرلیا گیا ہے۔