لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
رپورٹ کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج ندیم حسن وسر نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی عبوری ضمانت 20 مارچ تک منظور کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کو پچاس ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج
لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ کے بارے میں بیان دینے پر فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
جسٹس شجاعت علی خان نے ایڈووکیٹ شاہد رانا ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کے خلاف درخواست خارج کر دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی،عدالت فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔