کراچی (اسٹاف رپورٹر) زمان ٹاؤن پولیس نے کار سے ذہنی معذور لڑکے کی لاش ملنے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ،ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی نشاندہی بھی ہو گئی۔
کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں بدھ کی شب سوزوکی کلٹس کار سے 10 سالہ حسین کی تشدد زدہ لاش ملی تھی اس حوالے سے مقتول لڑکے کے والد اور ماموں کا کہنا تھا کہ حسین ذہنی طور پر معذور تھا اور وہ جمعے کو دن بارہ بجے سے لاپتہ تھا جسے انھوں نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا اور ناکامی پر زمان ٹاؤن تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی ۔ بعدازاں اس کی لاش بدھ کی شب گھر سے کچھ فاصلے پر کھڑی ہوئی کار سے ملی ،
اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ حسین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ۔ پوسٹ مارٹم میں ڈی این اے سمیت دیگر نمونے حاصل کرلیے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی ،
مقتول کی نماز جنازہ گھر کے قریب بعد نماز ظہر ادا کی گئی جسے بعدازاں کورنگی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ،
پولیس حکام کے مطابق کار میں لڑکے کی لاش پچھلی سیٹ پر پڑی تھی جسے دیکھ کر کار کے مالک شہزاد نے مدد گار 15 پر کال کر کے اطلاع دی تھی تاہم ابتدائی طور پر پولیس نے انھیں پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا تھا جنھیں بعدازاں پابند کر کے چھوڑ دیا گیا ، پولیس نے مقتول کے والد میزان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی