لاہور میں دفعہ 144 نافذ ،رینجرزطلب

لاہور(اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 لگا دی ہے۔
ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔
نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ لاہور میں آج پی ایس ایل کا ایک میچ، 40 کلومیٹر کی میراتھن اور سائیکل ریس ہونے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ نے ایک بار پھر اہم دن پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔عامر میر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دفعہ 144 لگائی جارہی ہے۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے اور انہیں بتایا کہ آپ ریلی کی تاریخ کو آگے لے جائیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آج دوپہر دوبجے انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت میں خود کروں گا، مجھے پتا ہے انہیں الیکشن سے بھاگنے کیلئے کچھ کرنا ہے یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، یہ کسی اور کو بھی قتل کروا سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے دفعہ 144 کی پابندی کے باوجود پارٹی کارکنان کو آج زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا کوئی جواز نہیں، فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے خلاف اتوار کی چھٹی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن لاہور سے درخواست کریں گے کہ نگراں حکومت آپ کی پابند ہے، انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے تو ریلی کی پابندی کا جواز نہیں۔
انہوں نے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج دو بجے زمان پارک پہنچیں، عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا، ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔