دفعہ 144 کے باوجود کارکنان زمان پارک پہنچیں،شاہ محمود قریشی

لاہور(اُمت نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے دفعہ 144 کی پابندی کے باوجود پارٹی کارکنان کو آج زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا کوئی جواز نہیں، فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے خلاف اتوار کی چھٹی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن لاہور سے درخواست کریں گے کہ نگراں حکومت آپ کی پابند ہے، انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے تو ریلی کی پابندی کا جواز نہیں۔
انہوں نے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج دو بجے زمان پارک پہنچیں، عمران خان آج ریلی کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا، ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔