لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے، ہماری ریلی سے پہلے دفعہ 144 لگا دی گئی اور رینجرز کوبھی تعینات کردیا گیا، ہمارا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی بلا جواز ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور چیلنج کرنے کا ادارہ رکھتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج صبح پی ٹی آئی کی جانب سے دفعہ 144 کے خلاف پٹیشن دائرکردی گئی ہے، لاہور ہائی کورٹ میں اس کارروائی کیخلاف پٹیشن دائر کی جائے گی، رجسٹرار آفس کا انتظار ہے، ان کے آنے کے بعد پٹیشن دائر کر دی جائے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری ریلی کا روٹ کا پی ایس ایل سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، پی ایس ایل میچ قذافی اسٹیڈیم میں شام 7 بجے ہے، ہماری ریلی 2 بجےروانہ ہوگی اور میچ شروع ہونے سے پہلےختم ہو جائے گی۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کو ہر طرح سے پریشان کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مقصد الیکشن کا حصول ہے، پی ٹی آئی سمجھتی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔
پاکستان میں نازیوں کی حکومت ہے،فواد چوہدری
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی میں سندھ اسمبلی رکن ارسلان تاج کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، یوں لگ رہا ہےکہ پاکستان میں نازیوں کی حکومت ہے، پاکستان میں اس وقت آئین اور قانون خطرے میں ہے۔
فواد چوہدری لاہور میں ایک طرف مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن ہورہا ہے، اور ہمیں الیکشن شیڈول کے بعد بھی روکا جا رہا ہے، سیاسی نقل و حرکت پر پابندی ہے تو الیکشن کیسے کرائیں گے، پہلے ظل شاہ کو شہید کیا گیا اب پھر وہی صورتحال بنائی جارہی ہے۔