لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کے بعد لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔
لاہور میں تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت نہ ملنے پر پارٹی صدر پرویز الہٰی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں روکنا خلاف آئین ہے۔
انھوں نے کہا کہ تمام نمائندے ریلیوں کی صورت میں کاغذات جمع کرانے جائیں گے، کاغذات نامزدگی آج سے جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہے، ایسی صورتحال میں دفعہ 144 کا نفاذ کیسے ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو آئین پاکستان سیاسی مہم چلانے کا حق دیتا ہے، پی ایس ایل میچ کی آڑ میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے سابق ایم پی اے نوابزادہ منصور علی خان، عون حمید ڈوگر اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مریم نواز سرکاری خرچے پر جلسے جلوس اور تنظیمی اجلاسوں میں کھل کر اعلیٰ عدلیہ کے خلاف زہر اُگل رہی ہیں، مریم نواز کو آئین کی خلاف ورزی پر کوئی روکنے والا نہیں ۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کا خوف ان کو رات کو سونے نہیں دیتا، وفاقی حکومت کی ایما پر پنجاب کی بغل بچہ حکومت الیکشن کا ماحول نہیں بننے دے رہی